کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکا کے صدر گوتابیا راجا پاکسے فوجی طیارے میں ملک سے فرار ہوگئے جس کے بعد ملک میں غیر معینہ مدت تک کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
سری لنکا کے وزیراعظم ہاؤس نے صدر کے ملک سے فرار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جب کہ مغربی صوبے میں کرفیو کا نفاذ بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 73 سالہ صدر گوتابیا راجا پاکسے اپنی اہلیہ اور دو سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ملک سے مالدیپ روانہ ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں شدید عوامی احتجاج کے بعد صدر نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ استعفے کے اعلان کے بعد سے نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے تھے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ سری لنکا کے صدر مالدیپ میں قیام نہیں کریں گے اور وہ وہاں سے کسی اور ملک روانہ ہوں گے۔