امریکا کا سری لنکا میں بدترین معاشی صورتحال اور پرتشدد احتجاج پر تشویش کا اظہار

Published On 10 July,2022 10:46 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے سری لنکا میں بدترین معاشی صورتحال اور پرتشدد احتجاج پر تشویش کا اظہارکر دیا۔ آئی ایم ایف حکام کا بھی کہنا ہے کہ وہ معاملے پر گہری نظررکھ رہے ہیں، امید ہے سیاسی بحران جلد ختم ہو جائے گا۔

سری لنکا میں معاشی اور سیاسی بحران پر عوام کے ساتھ دنیا بھی پریشان ہے۔ امریکا نے سری لنکن حکام پر مسائل جلد حل کرنے پر زور دے دیا۔ ترجمان امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ سری لنکن حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسے حل کی نشاندہی اور ان پر عمل درآمد کیلئے تیزی سے کام کرے جو طویل مدتی معاشی استحکام لاسکے۔

ادھر سری لنکا میں جاری خراب صورتحال پر آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ وہ معاملے پر گہری نظررکھے ہوئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں آئی ایم ایف نے امید ظاہرکی کہ بیل آؤٹ ڈیل کےمذاکرات دوبارہ شروع کرنے کیلئے سیاسی بحران جلد حل ہوجائے گا۔

گزشتہ روزعوام نے صدارتی رہائشگاہ پر قبضہ اور وزیراعظم کے گھرکو آگ لگا دی تھی۔ عوامی مظاہرے کے بعد صدر گوتا بایا راجا پاکسے نے
مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم نے بھی کہا تھا کہ قومی حکومت بن گئی تو وہ بھی استعفیٰ دے دیں گے۔

 

Advertisement