نیویارک:(دنیا نیوز) ترکیہ کے صدر طیب اردوان کا کہنا ہے روسی صدر پیوٹن یوکرائن کے ساتھ جنگ ختم کرنے کا سوچ رہے ہیں، جنگ کے باعث صورتحال مشکل ہوتی جا رہی ہے، پابندیوں سے کئی ممالک توانائی کی قلت کا شکار ہیں، خوراک کے مسائل نے بھی دنیا کے ایک بڑے حصے کو پریشان کررکھا ہے۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو میں ترک صدر نے اہم انکشاف کیا ہے کہ ان کے خیال میں روسی صدر جنگ ختم کرنے کا سوچ رہے ہیں، پیوٹن کے ساتھ گفتگو میں محسوس ہوا کہ وہ جنگ کو جلد ختم کرنا چاہتے ہیں، یوکرین جنگ سے روس کیلئے کافی مسائل پیدا ہوئے ہیں اب صورت حال مشکل ہوتی جا رہی ہے۔
ترک صدر نے امید ظاہر کی کہ روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ بھی جلد ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ ترکیہ روس اور یوکرین دونوں کا اتحادی ملک ہے، وہ معاملات طے کرانے کی خاطر درمیانی راہ نکالنے کیلئے کوشاں رہے ہیں، امید ہے ان کوششوں کا جلد مثبت نتیجہ نکلے گا۔