انڈونیشیا میں فٹبال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی، 174 افراد مارے گئے، سیکڑوں زخمی

Published On 02 October,2022 08:27 am

جکارتہ: (دنیا نیوز)انڈونیشیا میں فٹ بال میچ کے بعد ہنگامہ آرائی میں 174افراد مارے گئے، سیکڑوں افراد زخمی ہوئے،زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ملانگ کے علاقے میں کھیل کا میدان مقتل گاہ بن گیا، اریما ایف سی اور پرسی بایا سرابیا کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران پرسی بایا نے 2 کے مقابلے میں 3 گول سے میچ اپنے نام کیا۔

ہوم گراؤنڈ پر میچ ہارنے پر اریما ایف سی کے سیکڑوں مداح سٹیڈیم میں داخل ہوگئے، تماشائیوں کی لڑائی کے دوران مشتعل مداحوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کے شیل فائر کرنا شروع کر دیئے۔

سٹیڈیم میں پولیس اور فٹبال فینز کے درمیان ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں 174 اموات ہوگئی ہے جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں، مشرقی جاوا میں فٹبال لیگ میچز ایک ہفتے کیلئے معطل کر دیئے گئے۔

 

Advertisement