جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کی جیل میں آتشزدگی کے باعث 41 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے مضافات میں واقع پرہجوم تانگیرانگ جیل میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تیزی سے متعدد بیرکوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ بیرکوں پر تالے لگے ہونے اور قیدیوں کے نیند میں ہونے کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی اور قیدیوں کو جان بچانے کا موقع نہ مل سکا۔
پولیس کے سربراہ فدیل عمران نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جیل کے سی بلاک میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 41 قیدی مارے گئے اور 70سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعے کے وقت بلاک سی میں 122 قیدی بند تھے، حالانکہ اس میں صرف 40 قیدیوں کی گنجائش ہے۔ اس بلاک میں منشیات سے متعلق جرائم کی سزا کاٹنے والے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے اور آگ لگنے کے وقت غیر ملکی شہریت والے قیدی بھی بند تھے جن میں جنوبی افریقا اور پرتگال شامل ہیں۔ امدادی ادارے کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق جیل میں ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ سے آگ لگی تاہم ابھی مزید تحقیقات جاری ہیں۔