بیلجیم: (ویب ڈیسک) عدالت نے 4 یورپی اراکین پارلیمنٹ پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کا الزام عائد کر دیا، پراسیکیوٹرز نے برسلز میں 16 گھروں پر کارروائی کے بعد 6 لاکھ یوروز قبضے میں لے لیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ابتدائی طور پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزام میں 6 افرد کو حراست میں لیا گیا تھا تاہم بعد میں 2 کو رہا کر دیا گیا اور 4 افراد پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کا الزام عائد کر دیا گیا۔ چاروں اراکین پارلیمنٹ پر یورپی پارلیمنٹ کے فیصلوں کو متاثر کرنے کے لئے مشرق وسطیٰ کے ایک ملک سے مبینہ طور پر تحائف اور پیسے وصول کرنے کا الزام ہے۔
رپورٹس کے مطابق پراسیکیوٹرز نے منی لانڈرنگ اور کرپشن کے معاملے کی تحقیقات کیلئے برسلز میں 16 گھروں پر کارروائی کے بعد 6 لاکھ یوروز (6 لاکھ 31 ہزار 800 ڈالرز) اپنے قبضے میں لے لیے۔ پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ مہینوں سے ان افراد پر شبہ تھا کہ ان کے ذریعے ایک عرب ریاست برسلز میں فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ملک قطر ہے تاہم قطری حکومت کی جانب سے ایسے الزام کی تردید کر دی گئی ہے۔ قطری حکام نے ایسے کسی بھی معاملے میں ملوث ہونے کی خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قطر ی حکومت ہمیشہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق اداروں کے ذریعے اداروں سے روابط اور معاملہ سازی پر یقین رکھتی ہے۔