کانگو میں بارش اور سیلاب سے تباہی ، 120 افراد ہلاک

Published On 14 December,2022 02:19 pm

کنشاسا: افریقی ملک کانگو کے دارالحکومت کنشاسا میں بارش اورسیلاب نے تباہی مچادی ہے ۔

کانگو کے دارالحکومت کِنشاسا میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں سیکڑوں مکانات ڈوب گئے جبکہ مسلسل بارش سے شہر کی سڑکیں زیرآب آگئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حکام کا بتانا ہے کہ کنشاسا میں مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 120تک پہنچ گئی ، سڑکوں پر گڑھے پڑ گئے  جبکہ 24 محلوں میں تقریباً 12 ملین لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کنشاسا اور مرکزی بندرگاہ کو جوڑنے والا ہائی وے بری طرح ٹوٹ پھوٹ گیا ہے جسے 3 دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے یہ بھی بتایا ہے کہ بدترین تباہ کاری پر کانگو کی حکومت نے ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔