برلن : (ویب ڈیسک ) جرمنی کے شہر برلن کی ہوٹل لابی میں موجود دنیا کا سب سے بڑا فش ایکوریئم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی جبکہ 1500 مچھلیاں ہلاک ہو گئیں۔
50 فٹ سے زائد اونچائی والایہ ایکوریئم ایک ہزار سے زائد مچھلیوں کا مسکن تھا، جسے ڈیکوریشن کے لئے ہوٹل کی لابی میں لگایاگیا تھا۔
ایکوریئم میں تقریبا 10لاکھ لیٹر پانی موجود تھا جو ایکوریئم کی پھٹتے ہی ہوٹل اور آس پاس کے علاقوں میں پھیل گیا۔
حادثے کے بعد ہوٹل کو مہمانوں سے خالی بھی کرا لیا گیا ہے جبکہ ریسکیو ٹیموں نے زندہ بچ جانیوالی مچھلیوں کو اکٹھا کرکے پانی کے چھوٹے ٹینک میں منتقل کیا تاہم آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ان کا زندہ بچنا مشکل نظر آرہا ہے ۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے کہ یہ واقعہ کوئی ٹارگٹڈ حملہ تھا ۔
یہ ایکورئیم دسمبر 2003 میں کھولا گیا تھا اور اسے دنیا کا سب سے بڑا سلینڈریکل ایکویریم ہونے پرگنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا ۔