بی بی ایل:سڈنی تھنڈر کی ٹیم نے انتہائی برا ریکارڈ اپنے نام کر لیا

Published On 16 December,2022 06:51 pm

سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ ( بی بی ایل ) میں سڈنی تھنڈر کی ٹیم نے انتہائی برا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

سڈنی میں کھیلے گئے بی بی ایل کے رواں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 140 رنز کا ہدف سڈنی تھنڈرز کو دیا، سڈنی تھنڈر کی پوری ٹیم ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے خلاف صرف 15 رنز پرآئوٹ ہو گئی جو کہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم سکور ہے۔

ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کیخلاف کھیلے گئے میچ میں سڈنی تھنڈر کی ٹیم پاور پلے کے اندر ہی 5.5 اوورز یا 35 گیندوں میں آل آؤٹ ہوگئی، 5 کھلاڑی صفر پر رخصت ہوئے، سٹرائیکرز نے اس میچ میں 124 رنز سے کامیابی حاصل کی، فاتح ٹیم کی جانب سے ہینری تھورٹن نے صرف 3 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی 20 کی تاریخ میں آج تک پاور پلے کے اندر کوئی ٹیم آل آؤٹ نہیں ہوئی تھی، حیران کن بات یہ ہے کہ سڈنی تھنڈرز کی ٹیم میں ایلکس ہیلز، رائیلی روسو اور کرس گرین جیسے کھلاڑی موجود تھے، مگر وہ بھی کچھ نہ کرسکے۔

قبل ازیں ٹی 20 کی تاریخ کا کم ترین سکور 21 تھا جو ترکیہ نے 2019 میں چیک ری پبلک کے خلاف میچ میں بنایا تھا۔