بھارتی ریاست کرناٹک میں حلال گوشت پر پابندی کیلئے قانون سازی کی تیاریاں

Published On 20 December,2022 03:58 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک ) بھارت کی حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی ) کی جانب سے ریاست کرناٹک میں حلال گوشت کی خرید و فروخت پر پابندی کیلئے اسمبلی میں بل لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرناٹک میں رواں سال مارچ سے گوشت پر پابندی کے حوالے سے ایک مہم جاری ہے جس پر حکومت نے ایک بل لانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ حلال گوشت پر پابندی لگانے کے لیے قانون سازی کی جائے۔

حکمران جماعت کی جانب سے بل کو آئندہ دنوں ہونے والے اسمبلی اجلاس میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، دوسری جانب اپوزیشن جماعت کانگریس نے بل کی سخت مخالفت کا اعلان کیا ہے اور مسلمان جماعتوں کی جانب سے بھی بل کی مخالفت میں سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق انتہا پسندانہ نظریات کی حامل بی جے پی نے اپوزیشن جماعت اور مسلم جماعتوں کے احتجاج کو نظر انداز کرتے ہوئے بل پیش کرنے پر ڈٹے رہنے کا عندیہ دیا ہے جس سے ایک بار پھر کرناٹک میں کشیدگی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔