پاکستان کے پاور سیکٹر میں ہر ممکنہ مدد فراہم کریں گے، چینی سفیر

Published On 23 December,2022 10:17 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چینی حکومت کی طرف سے پاکستان میں سی پیک کے تحت بنائے گئے مختلف توانائی کے منصوبوں اور ایچ ایس سی پر کیے گئے کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ چینی حکومت پاکستان کے پاور سیکٹر میں ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار چینی سفیر نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی ” بجلی حفاظت کے ساتھ” مہم کے تحت پیشہ ورانہ صحت، حفاظت اور ماحولیات ( ایچ ایس سی) کے شعبے میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پاور کمپنیوں کے اعزاز میں دوسرے سالانہ ایچ ایس سی ایواڈز کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چینی سفیر نے شاندار تقریب کے انعقاد اور انہیں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر نیپرا کا شکریہ ادا کیا، تقریب میں چئیرمین نیپرا توصیف حسن فاروقی اور مہمان خصوصی چینی سفیر نونگ رونگ سمیت پاور سیکٹر کے مختلف اداروں کے سربراہان ، نیپرا کے پروفیشنلز اور لائسنس یافتہ کمپنیوں کے نمائندگان کی کشیر تعداد نے شرکت کی۔

چئیرمین نیپرا نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نیپرا اپنی ” بجلی حفاظت کے ساتھ” مہم کے ذریعے حفاظتی پروٹوکولز کی تیاری اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کر کے زبردست کام کر رہا ہے جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

آخر میں نونگ رونگ اور توصیف فاروقی نے ایچ اایس سی کے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں کو ایوارڈز پیش کیے، اوچ پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کو گولڈ، فاؤنڈیشن پاور کمپنی لمیٹڈ کو سلور، کراچی نیوکلئیر پاور جنریشن سٹیشن ، چشمہ نیوکلئیر پاور جنریشن سٹیشن اورنشاط پاور لمیٹڈ کو کانسی کے ایواڈز سے نوازا گیا۔

اسی طرح نیپرا نے پاور کمپنیوں کے 18 افراد کو بھی فیلڈ میں ان کی شاندار حفاظتی کارکردگی پرسرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ چیئرمین نیپرا نے تقریب کےاختتام پر ایواڈ شو میں شریک شرکاء کا شکریہ ادا کیا اورایواڈز جیتنے والوں کو مبارکباد بھی دی۔