ایرانی عدالت نے کرد موسیقار کی سزائے موت کیخلاف اپیل منظور کر لی

Published On 26 December,2022 02:59 am

تہران : ( ویب ڈیسک ) ایرانی سپریم کورٹ کی جانب سے احتجاجی مظاہروں میں شریک کرد موسیقار کی سزائے موت کے خلاف اپیل منظور کرلی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے مطابق سمن سعیدی نامی کرد موسیقار پر حکومت مخالف مظاہروں کے دوران سیکیورٹی فورسز کو مارنے کی کوشش کرنے، کوڑے دان کو آگ لگانے اور ہوائی فائرنگ کا الزام تھا جس کی اس نے تردید کی تھی۔

سمن کی والدہ نے گزشتہ ہفتے ایک ویڈیو بیان میں اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے مدد کی درخواست کی تھی اور سوشل میڈیا پر جاری کی گئی اپنی ایک ویڈیو میں سوال اٹھایا تھا کہ دنیا میں آپ نے کہاں دیکھا ہے کہ کوڑے دان میں آگ لگنے سے کسی کی جان لی جا سکتی ہے؟۔

واضح رہے کہ 16 ستمبر سے ایران میں مہسا امینی کی پولیس کی حراست میں ہونے والی ہلاکت کے بعد مسلسل احتجاج کیا جارہا ہے اور اس دوران اب تک 400سے زائد شہری ہلاک جبکہ ہزاروں گرفتار ہو کر جیلوں میں جا چکے ہیں۔