یو اے ای :گھروں میں افراد کی رہائش بارے خصوصی مہم کا اعلان

Published On 26 December,2022 03:21 am

ابوظہبی : (ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے ایک گھر میں گنجائش سے زیادہ افراد کی رہائش کے مسلئے سے نمٹنے کیلئے خصوصی مہم چلانے کا اعلان کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اماراتی محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایک مکان میں گنجائش سے زیادہ افراد کی رہائش کے مسئلے سےنمٹنے کے لیے ’’آپ کی رہائش آپ کی ذمہ داری ‘‘ نامی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔

حکام کے مطابق آگاہی مہم کے دوران شہریوں کو ایک گھر میں گنجائش سے زیادہ مکینوں کی رہائش کے نقصانات بارے بتایا جائے گا۔

حکام نے مزید بتایا کہ مسلئے سے نمٹنے کیلئے بنائے گئے قانون اور لائحہ عمل کی خلاف ورزی پر دس لاکھ درہم تک جرمانہ ہوگا اور محکمہ جاتی سزا بھی دی جائے گی۔

حکام نے کمپنیوں سے فیملی کے بغیر کام کرنے والے مزدوروں کو انکے لیے مختص کئے گئے علاقوں میں رہائش دینے اور انہیں فیملی والے رہائشی علاقوں سے دور رکھنے کی بھی اپیل کی ہے۔