صومالیہ میں یرغمال بنائے گئے 14 ایرانی ماہی گیر 8 سال بعد رہا

Published On 26 December,2022 05:01 am

تہران : (ویب ڈیسک ) صومالیہ میں دہشت گرد تنظیم الشباب کی طرف سے یرغمال بنائے گئے 14 ایرانی ماہی گیر 8 سال بعد رہائی پا کر واپس آگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی حکام نے بتایا کہ وزارت خارجہ کی کوششوں سے 2015 سے الشباب کی طرف سے یرغمال رکھے ہوئے ایران کے صوبہ چا بہار کے رہائشی، 14 ماہی گیروں کو رہا کروا لیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں رہا کئے گئے ماہی گیر خصوصی طیارے کے ذریعے اتوار کی صبح تہران کے امام خمینی ایئر پورٹ پہنچے جہاں انکے اہلخانہ اور وزارت خارجہ کے نمائندوں کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں انکا استقبال کیا گیا۔

مذکورہ 14 مچھیروں کو 2015 میں صومالیہ کے قریب بین الاقوامی پانیوں سے اغوا کر لیا گیا تھا۔