واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) امریکا میں ’’ بم سائیکلون ‘‘ نامی موسم سرما کے بدترین طوفان نے کرسمس کے موقع پر تباہ مچا دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں جاری بم سائیکلون کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 30 سے زائد افراد ہلاک جبکہ دو لاکھ سے زائد صارفین اب تک بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست مونٹانا میں درجہ حرارت منفی 45 ڈگری تک گر گیا ہے جبکہ ریاست مشی گن کے ساحل پر برف ہی برف، پارک میں لگے جھولے برف کے مجسموں میں ڈھل گئے۔
ملک بھر میں دس ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ اور ہزاروں تاخیر کا شکار ہیں جبکہ اٹلانٹا، شکاگو اور نیویارک سمیت کئی شہروں میں ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں پر پھنس گئے ہیں۔
نیویارک کی گورنرکیتھی ہوچول کا ایک پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ امریکہ کو متاثر کرنے والے تباہ کن طوفان کا قہر جاری ہے کیونکہ اب تک ملک بھر میں 39 جبکہ صرف نیویارک میں 17 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ایری کاؤنٹی کے ایگزیکٹو مارک پولون کارز کے مطابق بفیلو کے علاقے میں مرنے والوں میں سے کچھ شہری کاروں میں اور دیگر سڑکوں پر برف کے کنارے پائے گئے ہیں۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق برفانی طوفان کے دوران بفیلو کے علاقے میں اتوار کے روز 92.7 انچ برف پڑی ہے جو کہ تقریباً پورے علاقے میں اوسط موسم سرما میں دیکھے جانے والے 99 انچ کے برابر ہے۔