ڈھاکہ : ( ویب ڈیسک ) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں پہلی میٹرو ٹرین کا افتتاح کر دیا گیا جس پر شہریوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ڈھاکہ میں پہلی میٹرو ٹرین کا افتتاح کر دیا جبکہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے منصوبے کو قابل فخر قرار دیا۔
بنگلہ دیشی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے ڈھاکہ سے ٹریفک جام ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور چھ میٹرو ریل لائنوں کے ساتھ ہم ایسا کرنے کے قابل ہو جائیں گے، ہر ٹرین پر ایک بوگی خواتین کے لیے مختص کی جائے گی۔
پہلی میٹرو لائن کی تعمیر میں تقریباً چھ سال لگے ہیں جبکہ منصوبے کی زیادہ تر مالی امداد بنگلہ دیش کے بڑے ترقیاتی پارٹنر جاپان نے فراہم کی ہے۔
پہلی ٹرین کی آپریٹر ایک خاتون ڈرائیور مریم افیزہ تھیں، جنہوں نے گاڑی چلانے کو ایک خواب کی تعبیر بتایا۔