کابل میں فوجی ایئر پورٹ کے باہر دھماکا ، متعدد افراد جاں بحق

Published On 01 January,2023 01:25 pm

کابل : (دنیا نیوز) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں فوجی ایئر پورٹ کے باہر دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے دھماکے کی تصدیق کردی ہے ۔

افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فوجی ایئر پورٹ کے باہر ہوئے دھماکے میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے تاہم  دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے ۔

ترجمان کے مطابق کابل فوجی ائر پورٹ  کے باہر دھماکے میں متعدد بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے  کے مطابق مقامی شہریوں نے آج صبح کابل شہر میں ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی، جو کہ ہوائی اڈے کے احاطے میں فوجی ایریا میں ہوا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو ادارے اور سیکیورٹی فورسز پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر علاقے کو سیل کردیا ، جبکہ ہوائی اڈے کی جانب جانے والے تمام راستے بند کردیے گئے ہیں ۔

امدادی کارکنوں نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا ہے جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے ۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مشتبہ افراد کی گرفتاری کےلیے علاقے میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے ، تاحال کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل بھی افغانستان کے صوبے بدخشاں میں کار بم دھماکے میں پولیس چیف سمیت تین افراد جاں بحق  ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں حال ہی میں داعش نے متعدد حملے کیے ہیں جن میں پاکستانی و روسی سفارت خانوں سمیت سابق افغان وزیراعظم کے دفتر کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔