بماکو : ( ویب ڈیسک ) مالی کے دارالحکومت بماکو کے قریب سول ڈیفنس کی چوکی پر حملے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے دارالحکومت بماکو سے 80 کلومیٹر دور جنوب مغربی قصبے مارکاکونگو میں دفاعی چوکی پر حملہ کیا جس میں سول ڈیفنس فورس کے دو ارکان اور تین عام شہری مارے گئے۔
حکام کے مطابق مالی کی سکیورٹی فورسز حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تمام اقدامات کر رہی ہیں اور عوام سے سکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے، ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
مارکاکاؤنگو باماکو کے شمال مشرق میں مرکزی سڑک پر واقع ہے، یہ ایک ایسا علاقہ ہے جہاں اس طرح کے حملے شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ بماکو سے 70 کلومیٹر دور ایک چیک پوائنٹ پر جولائی میں ہونے والے حملے میں چھ افراد مارے گئے تھے اور اس کے ایک ہفتے بعد دارالحکومت سے صرف 15 کلومیٹر دور مالی کے مرکزی فوجی کیمپ پر حملہ کیا گیا تھا جس میں ایک فوجی مارا گیا تھا۔
یاد رہے کہ مالی اگست 2020 میں بغاوت کے بعد سے فوجی حکمرانی کے تحت ہے۔