واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) امریکی ایوان نمائندگان میں سپیکر کے انتخاب کی پانچویں کوشش بھی ناکام ہو گئی، ری پبلیکن پارٹی ایوان میں اکثریت کے باوجود میکارتھی کے نام پر متفق نہ ہو سکی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آج ہونے والی ووٹنگ میں ری پبلکن کے 20 ارکان نے میکارتھی کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا جبکہ ڈیموکریٹس کے 212 ارکان نے اپنے تمام ووٹ ڈیموکریٹس کے امیدوار حکیم جیفری کو دیے۔
سپیکر کے انتخاب کیلئے چھٹی بار ووٹنگ ہو گی، امریکی ایوان نمائندگان کے سپیکر کیلئے 218 ووٹ درکار ہیں جبکہ پارلیمان میں ڈیموکریٹس کی 212 جبکہ ریپبلکن پارٹی کے پاس 222 نشستیں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ایک صدی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ایوان نمائندگان ووٹنگ کے پہلے مرحلے میں سپیکر کا انتخاب کرنے میں ناکام رہا ہے، 1923 میں سپیکر کے انتخاب میں نو بیلٹ اور کئی دن لگے تھے۔