برطانوی وزیراعظم کو سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے پر جرمانہ

Published On 21 January,2023 06:36 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) برطانوی وزیراعظم رشی سونک پر گاڑی میں سفر کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لنکا شائر کی پولیس کا کہنا ہے کہ لندن کے رہائشی 42 سالہ شخص کو دوران سفر کار میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر مقررہ جرمانے کی مشروط پیش کش کی گئی۔

پولیس کے مطابق سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر مسافر کو 100 برطانوی پاؤنڈ جرمانہ کیا گیا ہے، لیکن اگر معاملہ عدالت میں جاتا ہے تو سزا بڑھ کر £500 تک پہنچ سکتی ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کو گاڑی میں سفر کے دوران بغیر سیٹ بیلٹ باندھے ایک ویڈیو پیغام ریکارڈ کرواتے دیکھا گیا تھا۔

بعدازاں رشی سونک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے اپنی غلطی کا احساس ہونے پر معذرت کی، انکا ماننا ہے کہ ہر شہری کو سفر کے دوران سیٹ بیلٹ ضرور پہننا چاہیے۔