حزب اللہ سے وابستہ افراد اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد

Published On 25 January,2023 11:19 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک)امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کی حمایت یافتہ لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کو مبیّنہ طورپررقوم مہیّا کرنے کے الزام میں تین افراد اور ان سے وابستہ اداروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔

امریکاکی نئی پابندیوں کی زد میں آنے والے ایک حسن مقلد نے حزب اللہ کو لبنان کے معاشی بحران کا فائدہ اٹھانے اور اس کو مہمیز دینے میں اہم کردارادا کیا ہے۔

حسن مقلد پرالزام ہے کہ انھوں نے حزب اللہ کے ایک اعلیٰ مالیاتی عہدہ دارمحمد قیصر کے ساتھ مالیاتی معاملات کیے تھے۔ان میں روس کے ساتھ کاروباری معاہدے بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قائد حزب اللہ کی خلیجی ممالک سے تعاون کی اپیل

امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ مالی ماہر اور ماہر معاشیات کی حیثیت سے مقلدکی کوششوں کے باوجودوہ درحقیقت ایک موقع پرست تاجر ہیں جو حزب اللہ کی دہشت گرد تنظیم کی مالی مدد کرنے اوریہاں تک کہ ہتھیاروں کے حصول میں اس کی مدد کرنے کے لیے لبنان کی مظلوم آبادی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

محکمہ خزانہ کے انڈرسیکریٹری برائے دہشت گردی برائن نیلسن نے کہاکہ چونکہ بدعنوانی معاشی ترقی اورافراد کی اپنے اہل خانہ کی کفالت کی صلاحیت کو کمزورکرتی ہے،امریکاان لوگوں کا احتساب کرنے کے لیے پُرعزم ہے جو ذاتی فائدے کے لیے اپنے مراعات یافتہ عہدوں کا استحصال کرتے اور فائدہ اٹھاتے ہیں۔