نیو یارک: (دنیا نیوز) امریکا نے لبنان کی سکیورٹی فورسز اور پولیس کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ امداد اقوام متحدہ کے ساتھ مشترکہ پروگرام کے تحت دی جائے گی، لبنان کی معیشت گزشتہ 3 سال سے مسلسل بحران اور گراوٹ کا شکار ہے جس کے سبب فوجی بجٹ میں کمی کی گئی ہے۔
امریکا لبنان کی فوج کا کافی عرصے سے سب سے بڑا ڈونر ہے، اس نے اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے ساتھ اپنی نوعیت کی پہلی امریکی امداد کی ڈیلیوری کیلئے اشتراک بھی کیا ہوا ہے۔
امداد کے حوالے سے بیروت میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر لبنان کی سکیورٹی فورسز اور انٹرنیشنل سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی تنخواہوں کے لیے دئیے جائیں گے، مذکورہ رقم یو این ڈی پی سروس فراہم کرنے والے مقامی ادارے کے تعاون سے تقسیم کی جائے گی۔
ہر فوجی اور پولیس آفیسر کو امریکی قانون کے مطابق 100 ڈالر ماہانہ 6 ماہ تک ادا کیے جائیں گے، لبنان میں امریکی سفیر ڈوروتھی شیا نے کہا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امریکا نے لبنان کو اس قسم کی امداد فراہم کی ہے۔
واضح رہے اس وقت لبنان میں چھوٹے رینک کے فوجی اہلکار کی تنخواہ 50 امریکی ڈالر کے برابر ہے جو کہ 2019 سے جاری مالی بحران سے قبل 800 امریکی ڈالر کے برابر تھی، قطر نے بھی گزشتہ سال لبنانی فوج کیلئے 6 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا تھا۔