بیجنگ : ( ویب ڈیسک ):چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک کے ساتھ ملکر عالمی امن و ترقی کو فروغ دینے اور بہتر مستقبل کے لئے کام جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق لاطینی امریکی اور کیریبین ریاستوں کی کمیونٹی (سی ایل اے سی ایس) کا ساتواں سربراہی اجلاس ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں منعقد ہوا، سی ایل اے سی ایس کے موجودہ چیئرمین ملک ارجنٹائن کے صدر فرنینڈز کی دعوت پر چینی صدر شی جن پنگ نے سربراہی اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب کیا ۔
شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاطینی امریکہ اور کیریبین ممالک ترقی پذیر ممالک کا ایک اہم حصہ ہیں اور عالمی حکمرانی میں فعال شراکت دار ہیں، سی ایل اے سی ایس عالمی جنوب تعاون کے لئے ایک ناگزیر محرک قوت بن گیا ہے جس نے علاقائی امن کو برقرار رکھنے، مشترکہ ترقی کو فروغ دینے اور علاقائی یکجہتی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔
صدر شی نے اس بات پر زور دیا کہ چین نے ہمیشہ لاطینی امریکہ اور کیریبین میں انضمام کے عمل کی حمایت کی ہے اور سی ایل اے سی ایس کے ساتھ تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک کے ساتھ مل کر ایک دوسرے کی مدد کرنے، عالمی امن اور ترقی کو فروغ دینے، بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے اور مشترکہ طور پر ایک بہتر مستقبل بنانے کے لئے کام جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔