تہران : ( ویب ڈیسک ) ایران میں سڑک پر ڈانس کرنے والے جوڑے کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی ، جوڑے کی جانب سے ڈانس ویڈیو انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 21 سالہ استیاض حقی اور اس کے منگیتر امیر محمد احمدی کو بدعنوانی اور جسم فروشی کو فروغ دینے، قومی سلامتی کے خلاف ملی بھگت اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف پروپیگنڈہ کے جرم میں سزا سنائی گئی ہے۔
پولیس کے ہاتھوں حراست میں لی گئی ایک خاتون کی موت کے بعد احتجاج میں شامل نظر آنے والے لوگوں کو حکام بھاری سزائیں دے رہے ہیں تاہم جوڑے نے اپنے ڈانس کو ایران میں جاری احتجاج سے نہیں جوڑا۔
جوڑے کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب انہوں نے ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر پوسٹ کی جس پر انکے مشترکہ فالوورز کی تعداد تقریباً 20 لاکھ ہے، ویڈیو میں انہیں تہران کے آزادی ٹاور پر رقص کرتے دیکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ان پر سوشل میڈیا استعمال کرنے اور ملک چھوڑنے پر دو سال کی پابندی بھی لگائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ستمبر میں شروع ہونے والی ایران کی احتجاجی تحریک 1979 کے انقلاب میں ایرانی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سب سے سنگین چیلنج بن گئی ہے، مظاہروں کو روکنے کے لیے ریاست بدامنی میں ملوث لوگوں کو سخت سزائیں دے رہی ہے جس میں کم از کم چار مظاہرین کو پھانسی دینا بھی شامل ہے۔