پیرس : ( ویب ڈیسک ) فرانسیسی حکومت کی جانب سے پنشن کے قوانین میں تبدیلی کے خلاف شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور ملک بھر میں کئے گئے مظاہروں کے دوران اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پنشن کی عمر میں اضافے کے فیصلے کے خلاف فرانس بھر میں تازہ مظاہرے ہوئے جن میں شہریوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنشن کی عمر کو 62 سال سے بڑھا کر 64 سال تک نہ کرے، حکومت کی جانب سے مکمل پنشن کے حصول کا طریقہ کار تبدیل کرنا بھی مشکلات پیدا کرے گا۔
رپورٹس کے مطابق منگل کو بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ سمیت دیگر اہم شعبوں کی سروسز متاثر ہوئیں جبکہ کئی سکول بھی بند رہے ، مظاہروں کے دوران پولیس اور شہریوں کے درمیان مختلف جھڑپوں کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن اور آنسو گیس کا بھی استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب فرانس کی آٹھ اہم ٹریڈ یونین فیڈریشنوں نے 7 فروری اور 11 فروری کو بھی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔