غزہ: (ویب ڈیسک) مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے 7 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جیریکو کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے علی الصبح چھاپہ مارا اور سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 7 نوجوانوں کو شہید کردیا،جارحیت میں 3 فلسطینی نوجوان زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے،
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں مسلح نوجوانوں نے 28 جنوری کو چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جن کی گرفتاری کے لیے آج جانے والی ٹیم پر بھی فائرنگ کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ دفاعی فائرنگ میں مارے جانیوالے دو حملہ آوروں سمیت 7 افراد کا تعلق حماس سے تھا اور وہ اس علاقے کے اہم عہدیدار تھے جبکہ حماس نے اسرائیل کے اس اقدام کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز سے اب تک اسرائیلی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 43 ہوگئی جن میں 8 بچے شامل ہیں۔