چنئی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست تمل ناڈو کے علاقے کرشنا گری میں ایک پانی کے ٹینک کے قریب کپڑے دھونے پر جھگڑے کے بعد ایک 33 سالہ فوجی کو سیاسی جماعت ’ڈی ایم کے‘ کے کونسلر اور دیگر افراد نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سپاہی کی شناخت پربھو کے نام سے ہوئی، کی ڈی ایم کے رکن چناسامی سے پوچم پلی کے علاقے میں ایک ٹینک کے قریب کپڑے دھونے پر بحث ہوئی۔
کونسلر چناسامی نے نو افراد کے ساتھ مل کر اس رات مبینہ طور پر پربھو اور اس کے بھائی پربھاکرن پر حملہ کیا جس میں سپاہی شدید زخمی ہوگیا، واقعہ 8 فروری کو پیش آیا تھا، زخمی سپاہی کو نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پربھاکرن کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے چناسامی کے بیٹے راجاپندی سمیت چھ افراد کو گرفتار کرلیا، پولیس نے کیس کو قتل کیس میں تبدیل کر دیا ہے اور چناسامی کی تلاش میں ہے، جو حملے کے دن سے ہی مفرور ہے۔