نیوزی لینڈ : سمندری طوفان کے باعث 5 اموات ، 100 لاپتا

Published On 16 February,2023 11:56 am

آکلینڈ: (ویب ڈیسک ) نیوزی لینڈ میں گبرئیل نامی سمندری طوفان کے باعث مختلف حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد 5 ہوگئی جبکہ 100افراد تاحال لاپتا ہیں ۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈ میں طوفانی بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کے باعث 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں ۔

طوفان کی بگڑتی صورتحال کے باعث نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ امریکہ اور دوسرے ممالک کی جانب سے امداد کی پیشکش قبول کرلی گئی ہے ۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کی کوششیں جاری ہیں ، کچھ شہروں میں رابطے اور رسائی کے ذرائع بدستور منقطع ہیں جبکہ لاکھوں لوگ بجلی سے بھی محروم ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈ کو تباہ شدہ سڑکوں، گھروں اور پُلوں کو بحال کرنے کے لیے مہینوں تک جاری رہنے والی کوششوں کا سامنا ہے ، متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے پانی، خوراک اور فیول آبادی تک پہنچایا جا رہا ہے ۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے نیوزی لینڈ کے مشرقی حصوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

سمندری طوفان کی شدت کے پیش نظر ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ ہے ، 2019 کے کرائسٹ چرچ حملوں اور کوویڈ 19 وبا کے بعد ملک کی تاریخ میں تیسری بار ہنگامی حالت کا اعلان کیا گیا ہے ۔