شمالی کوریا میں کم جونگ ان کی بیٹی جیسا نام رکھنے پر پابندی عائد

Published On 16 February,2023 12:41 pm

سیئول : (ویب ڈیسک ) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بیٹی جیسا نام رکھنے پر ملک میں پابندی عائد کردی گئی ۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا میں اب لڑکیوں کا نام کم جونگ ان کی بیٹی جیسا نہیں رکھا جائے گا ، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بیٹی کا نام جو اے (Ju Ae) ہے جس کی عمر 10 سال ہے ۔

کم جونگ ان رواں ہفتے کئی اہم ریاستی تقریبات میں اپنی بیٹی کے ساتھ منظر عام پر آئےتھے ،  شمالی کوریا میں اس نام کی دیگر لڑکیوں پر نام تبدیل کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے اور تمام رجسٹرڈ لڑکیوں و خواتین کو کہا گیا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اپنے نام تبدیل کرلیں ۔

رپورٹس کے مطابق ماضی میں شمالی کوریا نے شہریوں کو اپنے رہنماؤں اور ان کے قریبی خاندانوں کے نام استعمال کرنے سے روک دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کم جونگ ان کی 2 بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے لیکن ابھی تک صرف ان کی بیٹی ہی مختلف تقریبات میں سامنے آئی ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان پہلی مرتبہ اپنی بیٹی کو منظر عام پر لائے تھے۔