پاناما سٹی : ( ویب ڈیسک ) وسطی امریکی ملک پاناما میں 60 سے زائد تارکین وطن کو لے جانے والی ایک بس پہاڑی سے گر گئی جس کے نتیجے میں درجنوں تارکین وطن ہلاک جبکہ تقریباً 20 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بس حادثے میں ہلاک ہونے والے تارکین وطن کی تعداد کم از کم 39 ہے جبکہ حکام کی جانب سے ان کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ایمبولینسز کے ذریعے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاناما کے صدر لارینٹینو کورٹیزو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہے اور غیر قانونی نقل مکانی سے نمٹنے کے لیے انسانی امداد اور مناسب حالات فراہم کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
Esta noticia es lamentable para Panamá y para la región. El Gobierno Nacional extiende sus condolencias a los familiares de los fallecidos en este accidente, y reitera su compromiso con seguir brindando ayuda humanitaria y condiciones dignas para enfrentar la migración irregular.
— Nito Cortizo (@NitoCortizo) February 15, 2023
پاناما کی نیشنل امیگریشن سروس کی ڈائریکٹر سمیرا گوزائن نے کہا کہ بس بظاہر تارکین وطن کی پناہ گاہ کے داخلی راستے سے گزر گئی تھی لیکن پلٹنے کی کوشش کے دوران دوسری بس سے ٹکرا کر ایک پہاڑ سے نیچے گر گئی۔
بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں 5 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یہ کم از کم 10 سالوں میں پاناما میں تارکین وطن کے ساتھ ہونے والا بدترین حادثہ ہے۔