سمندروں کی سطح میں اضافہ، دنیا کو ناقابل تصور خطرات لاحق ہیں: اقوام متحدہ

Published On 15 February,2023 10:14 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک)اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ سمندروں کی سطح میں تیزی سے اضافے کے نتیجے میں دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو ناقابل تصور خطرات کا سامنا ہے۔

اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے کہا کہ موسمیاتی بحران کے نتیجے میں سمندروں کی سطح میں اضافے کی شرح میں 3 گنا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمندری سطح میں اضافہ جاری رہا تو آئندہ چند دہائیوں میں کچھ ممالک ڈوب کر کرہ ارض سے غائب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سمندری سطح میں اضافے کے باعث ہم مستقبل قریب میں ایک ارب افراد کی نقل مکانی کو دیکھیں گے جبکہ تازہ پانی، زمین اور دیگر ذرائع کے حصول کے لیے مسابقت بڑھ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) کے تازہ ترین ڈیٹا کے مطابق 1900 سے اب تک دنیا بھر میں سمندروں کی سطح میں جس تیزی سے اضافہ ہوا، اس کی گزشتہ 3 ہزار سال میں کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی مسائل کی روک تھام نہ ہونے پر جس تباہی کا سامنا ہو سکتا ہے وہ ناقابل تصور ہے،درجہ حرارت میں اضافے کے باعث دنیا کے ہر براعظم کے بڑے شہروں کو سنگین اثرات کا سامنا ہوگا۔
 

Advertisement