نیو دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارت کی ریاست ہریانہ میں دو مسلمانوں کو مبینہ طور پرکار سمیت زندہ جلادیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں افراد کو بدھ کے روز اغوا کیا گیا تھا اور اگلے روز جلی ہوئی کار سے ان کی نعشیں برآمد ہوئیں ، نعش ملنے کے واقعے کے اگلے دن 5 ملزمان کیخلاف اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقتولین کے اہل خانہ کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے کے مطابق جاں بحق ناصر 25 اور جنید کی عمر 35 برس تھی جنہیں راجستھان سے اغوا کیا گیا۔
بھارتی پولیس کے مطابق اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ واقعے میں گائے کی حفاظت کرنے والے انتہاپسند تو شامل نہیں کیونکہ جنید پر گائے کی سمگلنگ کے 5 مقدمات درج تھے جبکہ ناصر کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مونو مانیسر، لوکیش سنگھیا، رنکو سینی، انیل اور سری کانت پر مسلمان افراد کے اغوا کا الزام لگایا گیا ہے ، ان پانچوں ملزمان کا تعلق اس انتہا پسند مذہبی تنظیم سے ہے جو گائے کے محافظ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے ۔