نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارتی فوج نے نااہلی کی ایک اور مثال قائم کردی ، ٹریننگ کے دوران اپنے ہی گاؤں پر مارٹرگولہ فائر کر دیا جس کے نتیجے میں 3 دیہاتی ہلاک جبکہ متعددزخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک سرکاری اہلکار نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران فائر کیا گیا بھارتی فوج کا مارٹر گولہ ہدف کے بجائے ریاست بہار کے گاؤں کے ایک گھر پر گر کر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جوڑا اور پڑوسی ہلاک ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق جب یہ واقعہ پیش آیا تو ہلاک ہونے والا جوڑا ریاست بہار کے گاؤں گلوارڈ میں ہولی کا تہوار منانے کے لیے جا رہا تھا۔
بھارتی فوج کا مارٹر گولہ گھر کے صحن میں گرنے سے دیگر دو افراد بھی زخمی ہوئے ، بھارتی فوج کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے ۔
یہ گاؤں بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے 120 کلومیٹر جنوب میں بھارتی فوج کی فائرنگ رینج کے قریب واقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پچھلے سال فائرنگ رینج کے قریب شیل پھٹنے سے ایک شہری اُس وقت ہلاک ہو گیا تھا جب وہ شیل سے دھاتی ٹکڑا الگ کر رہا تھا تاکہ اِسے فروخت کر سکے۔