واشنگٹن : ( ویب ڈیسک ) امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے اعلان کیا ہے کہ محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس رواں ماہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
نیڈ پرائس 20 جنوری 2021 سے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے اپنے ایک تحریری بیان میں کہا کہ ہماری پیغام رسانی کی بنیادی پالیسیوں پر پرائس کی مضبوط گرفت نے اسے اپنے کردار میں بہت زیادہ موثر بنایا ، میں نے ذاتی طور پر ان کے مشورے سے مسلسل استفادہ کیا ہے۔
بلنکن نے مزید کہا کہ 200 سے زائد بریفنگز کے دوران نیڈ صحافیوں کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھیوں اور ہر ایک کے ساتھ گفتگو کے دوران انتہائی احترام سے پیش آئے۔
واضح رہے کہ نیڈ پرائس کی بطور ترجمان محکمہ خارجہ عہدے کی دو سالہ مدت رواں ماہ مکمل ہو جائے گی جبکہ بلنکن کے بیان میں اس بات کا ذکر نہیں کیا گیا کہ پرائس کی جگہ کون لے گا۔