ڈھاکہ : ( ویب ڈیسک ) بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے تجارتی مرکز کی دفتری عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہول سیل مارکیٹ کی 7 منزلہ عمارت میں ہونے والے دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ، تاہم سیفٹی قوانین کے نفاذ میں غفلت کے باعث عمارتوں میں آگ اور دھماکوں کے واقعات معمول بنے ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 112 سے زائد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ڈھاکہ میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکے کے نتیجے میں عمارت کی دیواریں اور کچھ منزلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں جبکہ عمارت کا ملبہ باہر سڑکوں پر موجود لوگوں پرگرنے سے بھی کئی افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کمشنر ڈھاکہ کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جلد معلوم ہو جائے گا کہ واقعہ دہشتگردی کی کارروائی تھا یا ایک اتفاقی حادثہ تھا۔