تبلیسی : ( ویب ڈیسک ) جارجیا میں دوسرے روز بھی ہزاروں مظاہرین کی جانب سے متنازع ’ فارن ایجنٹ بل ‘ کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری رہے جبکہ دارالحکومت تبلیسی میں پولیس نے مظاہرین کے خلاف واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔
خیال رہے کہ جارجین حکومت کی اتحادی جماعت پیپلز پاور موومنٹ کی جانب سے پارلیمنٹ میں ’ٹرانسپیرنسی آف فارن ایجنٹس‘ اور ’رجسٹریشن آف فارن ایجنٹ‘ کے نام سے دو بل پیش کیے گئے تھے جن میں تجویز دی گئی کہ 20 فیصد سے زائد بیرونی فنڈنگ لینے والے میڈیا سمیت دیگر ادارے خود کو ’فارن ایجنٹ‘ ڈکلیئر کریں گے اور انہیں بطور فارن ایجنٹ خود کو رجسٹر کروانا پڑے گا، ایسا نہ کرنے کی صورت میں انہیں جرمانے اور پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان متعدد جھڑپیں بھی ہوئیں جن کے دوران 50 سے زائد افسران کو زخمی کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ایک اپوزیشن لیڈر سمیت 66 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مظاہروں میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہماری حکومت روس کے زیر اثر ہے اور یہ ہمارے مستقبل کے لیے بہت برا ہے جبکہ مظاہرین کو خدشہ ہے کہ اگر بل منظور ہوا تو ملک کی یورپی یونین میں شمولیت کی امیدوں کو نقصان پہنچے گا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ’فارن ایجنٹ بل‘ روسی قانون ہے، ہم سابقہ سوویت یونین کا حصہ نہیں بننا چاہتے بلکہ ہمیں یورپین یونین کا حصہ بننا ہے ہم مغرب کے حامی بننا چاہتے ہیں۔
جارجیا میں سیاسی کشیدگی یوکرین پر روس کے مکمل حملے سے بڑھ گئی ہے، جسے جارجیا کے بہت سے باشندے ماسکو کی جارحیت کی جنگ کے طور پر دیکھتے ہیں، اور ہزاروں کی تعداد میں روسی وہاں سے بھاگ گئے ہیں تاہم، حکومت نے غیر جانبدارانہ موقف اپناتے ہوئے یوکرین کی حمایت یا روس پر پابندیاں عائد کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور جارجیا کی حکومت سے پرامن مظاہروں کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہم جارجیا کی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ پرامن اجتماع اور پرامن احتجاج کی آزادی کا احترام کرے، ہم جارجیا کے لوگوں اور ان کی خواہشات کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یوکرین کے صدر ولادی میر زیلینسکی نے بھی جارجیا کے عوام کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی یوکرائنی ایسا نہیں ہے جو ہمارے دوست جارجیا کی کامیابی کی خواہش نہ کرے۔