جارجیا مظاہرے ،اقوام متحدہ کی تناؤ سے بچنے کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل

Published On 09 March,2023 12:35 pm

نیویارک : (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ نے جارجیا میں ہونیوالے مظاہروں کے باعث پیدا ہونیوالے تناؤ سے بچنے کیلئے اقدامات کرنے کی اپیل کردی ۔

روسی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکر ٹری جنرل انتونیو گوتریس  کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا ہے  کہ اقوام متحدہ جارجیا کی صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہے جہاں غیر ملکی ایجنٹوں پر بل کے خلاف احتجاج جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انتونیو گوتریس  نے تمام فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریزکریں جو تناؤ میں اضافے کا سبب بنیں۔

انہوں نے لوگوں سے پُرامن احتجاج کرنے کی درخواست کی ہے۔

خیال رہے کہ جارجیا میں ہزاروں مظاہرین کی جانب سے متنازع ’ فارن ایجنٹ بل ‘ کے خلاف احتجاجی مظاہرے دوسرے روز بھی جاری رہے جبکہ دارالحکومت تبلیسی میں پولیس نے مظاہرین کے خلاف واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں :جارجیا : متنازع ’ فارن ایجنٹ بل ‘ کیخلاف مظاہرے جاری، 66 مظاہرین گرفتار

مقامی پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان متعدد جھڑپوں کے دوران 50 سے زائد افسران کو زخمی کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں ایک اپوزیشن لیڈر سمیت 66 سے زائد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکا نے بھی مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جارجیا کی حکومت سے پرامن مظاہروں کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

Advertisement