رمضان المبارک: عمرہ زائرین میں زم زم کی تقسیم کا منصوبہ تیار

Published On 15 March,2023 11:46 pm

ریاض: (ویب ڈیسک)رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں سعودی حکومت نے زائرین کیلئے زم زم کی تقسیم کے حوالے سے بڑامنصوبہ بنایا ہے۔

المسجد الحرام اورمسجد نبوی کےامورکی جنرل پریزیڈنسی نے ماہ مقدس رمضان المبارک کے دوران دونوں مقدس ترین مساجد کے زائرین کے لیے 40 ملین لیٹر زم زم کا پانی تقسیم کرنے کے لیے 20 ہزار مقامات کو مختص کردیا ہے۔

اس انتظام میں بین الاقوامی معیارکو مد نظر رکھتے ہوئے پاکیزگی اورصفائی کو یقینی بنانے کے لیےجدید ترین میکانزم اورٹیکنالوجیز کا استعمال کیا گیا ہے۔پانی کی فراہمی میں زائرین کی سہولت کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔

المسجد الحرام میں ماء زم زم تقسیم کرنے کے شعبہ کے ڈائریکٹر عبد الرحمن الزھرانی نے بتایا کہ انتظامیہ نے بابرکت پانی کے 30 ہزار کنٹینر تیار کر کے پوری مسجد میں تقسیم کر دیئے ہیں۔

عبد الرحمن الزھرانی نے بتایا کہ ادارہ نے روبوٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے زمزم کا پانی فراہم کر کے ایک بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پانی پلانے کے لیے 80 سمارٹ گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
 

Advertisement