واشنگٹن: ( ویب ڈیسک ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر حامیوں کو احتجاج کرنے کاکہا ہے ۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کی جانب سے تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
نیویارک کے علاقے مین ہٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفترسے لیک ہونے والی ایک خبرکا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے ہفتے کی صبح اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پرلکھا کہ ’بغیر جرم ثابت کیے ریپبلکن امیدوار اور امریکہ کے سابق صدر کو آئندہ ہفتے منگل کو گرفتار کیا جاسکتا ہے ، ایک مرتبہ پھر احتجاج ہوگا۔
گرینڈ جیوری ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق ذاتی وکیل مائیکل کوہن کی جانب سے مشہور میگزین کی ماڈل اسٹورمی ڈینیئلز کو انتخابی مہم 2016 میں ادا کی گئی ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی رقم کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اس الزام کے تفتیش کی سربراہی ڈیموکریٹ منتخب رکن ایلون بریگ کر رہے ہیں۔
استغاثہ اس بات پرغور کررہاہے کہ آیا اس معاملے میں ڈونلڈ ٹرمپ پرفردِ جُرم عائد کی جائے یا نہیں؟، اگرمین ہیٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ٹرمپ پرفردِ جرم عائد کرتے ہیں تو وہ پہلے سابق صدر بن جائیں گے جنہیں جرائم کی بنیاد پر سزا ملے گی اور یہ سیاسی میدان میں ان کیلئے ایک بڑا دھچکا ہوگا کیونکہ سابق صدر نے 2024 کے صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن کے امیدوار کی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر نے ڈونلڈ ٹرمپ کو گرینڈ جیوری کے سامنے گواہی دینے کو کہا تھا۔
ٹرمپ کے وکیل نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ ان کے مؤکل فرد جرم عائد ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کریں گے۔
سال 2018 میں مائیکل کوہن نے دیگر جرائم سمیت انتخابی مہم کے مالیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا اقرار جرم کر لیا تھا۔
دوسری جانب اس مقدمے کے باوجود ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی انتخاب کے لیے اپنی مہم بھی شروع کر دی ہے اور ٹیکساس میں 25 مارچ کو انتخابی ریلی کا اعلان کررکھا ہے ۔