برسلز : ( ویب ڈیسک ) یورپی یونین کے ممالک نے یوکرین کے لیے مشترکہ طور پر گولہ بارود خریدنے کے لیے دو بلین یورو کے منصوبے پر اتفاق کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے وزرائے دفاع اور خارجہ نے برسلز میں ہونے والے اجلاس کے دوران یوکرین کو اگلے 12 مہینوں میں 10 لاکھ آرٹلری شیلز فراہم کرنے کے اقدام کی حمایت کی ہے۔
اجلاس کی صدارت کرنے والے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مذکورہ منصوبے کو 27 ممالک کے بلاک اور ناروے کے لیے ایک تاریخی فیصلہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یوکرین کو مزید آرٹلری گولہ بارود فراہم کرنے کے اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی طرف ایک اہم قدم اٹھا رہے ہیں، 18 ممالک نے دفاعی صنعت کے ساتھ گولہ بارود کے مشترکہ آرڈر دینے کے لیے یورپی دفاعی ایجنسی (EDA) کے منصوبے پر دستخط کیے ہیں۔
دوسری جانب یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیٹرو کولیبا نے جوزپ بوریل اور بلاک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین نے ایک بار پھر روسی جارحیت کی وجہ سے درپیش تاریخی چیلنجوں کے سامنے پرعزم قیادت کا مظاہرہ کیا۔
یوکرین نے یورپی یونین کو بتایا تھا کہ وہ ایک ماہ میں 3,50,000 گولے چاہتا ہے تاکہ اس کے فوجیوں کو ماسکو کے حملے کو روکنے میں مدد ملے اور انہیں سال کے آخر میں تازہ جوابی کارروائی شروع کرنے کی اجازت دی جا سکے۔
علاوہ ازیں امریکی محکمہ خارجہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ امریکا یوکرین کو 350 ملین ڈالر کا اسلحہ اور ساز و سامان بھیجے گا، جس میں مختلف قسم کے گولہ بارود، جیسے راکٹ، اور ایندھن کے ٹینکر ٹرکوں اور کشتیوں کی ایک نامعلوم تعداد شامل ہے۔