فلسطین کی کوئی تاریخ یا ثقافت نہیں ہے، اسرائیلی وزیر کی ہرزہ سرائی

Published On 21 March,2023 08:13 pm

تل ابیب: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کا فلسطین دسمنی پر مبنی بیان سامنے آگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ فلسطین نام کی کوئی قوم نہیں یہ نام تو محض چند برسوں سے زیر گردش ہے۔ فلسطین کی کوئی تاریخ یا ثقافت نہیں۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے فلسطین کے ایک قصبے کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی بھی دی تھی، وہ اسلام، مسلمانوں اور فلسطین کے خلاف متنازع بیانات کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔

اسرائیلی وزیر خزانہ نے جس ڈیسک پر کھڑے ہوکر یہ بات کی تھی اس پر اردن کے ساتھ الحاق پر مبنی نام نہاد اسرائیلی سرزمین کا نقشہ بھی موجود تھا جس پر اردن نے شدید احتجاج کیا اور اسرائیلی وزیر کو معافی مانگنی پڑی۔

فلسطین اتھارٹی کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسرائیل کے وزیر کا بیان انتہا پسندانہ اور نسل پرستی پر مبنی ہے، وزیر اپنے صیہونی نظریے پر کاربند رہتے ہوئے رمضان سے قبل ماحول کو کشیدہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ رمضان میں مسجد اقصیٰ میں مسلمانوں کی عبادت کے دوران یہودیوں کے داخلے پر پابندی کے معاہدے سے انحراف کا جواز آسکے۔
 

Advertisement