روس ایران میں سب سے بڑاغیرملکی سرمایہ کار بن گیا

Published On 23 March,2023 09:40 pm

تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی وزیر خزانہ احسان خاندوزی نے کہا کہ روس ایران میں سب سے بڑا غیر ملکی سرمایہ کار بن گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ روس نے رواں ہفتے ختم ہونے والے مالی سال کے دوران میں ایران میں 2.76 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، یہ سرمایہ کاری صنعت، کان کنی اور نقل و حمل جیسے مختلف شعبوں میں کی گئی ہے۔

وزیرنے کہا کہ ’’ہم روس کے ساتھ اپنے تعلقات کوتزویراتی طور پر بیان کرتے ہیں اور ہم بہت سے پہلوؤں، خاص طور پر اقتصادی شعبے میں مل کر کام کر رہے ہیں‘‘۔

انھوں نے اس بات پرزوردیا کہ چین اورروس ایران کے دواہم اقتصادی شراکت دار ہیں اورتہران "تزویراتی معاہدوں" پرعمل درآمد کے ذریعے ان کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

جب ان سے یوکرین اوراس کے مغربی اتحادیوں کے ان الزامات کے بارے میں پوچھا گیا کہ ایران نے یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال کے لیے روس کو مسلح ڈرون مہیا کیے ہیں، خاندوزی نے کہا کہ یہ تنازع ایران کے لیے "بدقسمتی" ہے۔

ایران کے مرکزی بینک کے ڈپٹی گورنرمحسن کریمی نے جنوری میں کہا تھا کہ ایران اورروس نے تجارت اور مالی لین دین کو فروغ دینے میں مدد کے لیے اپنے بین بینک مواصلات اور منتقلی کے نظام کو منسلک کیا ہے۔
 

Advertisement