زمین کے ماحول کا تحفظ، دنیا بھر میں آج ارتھ آور منایا جائےگا

Published On 25 March,2023 08:43 am

جینیوا: (ویب ڈیسک ) زمین کے ماحول کے تحفظ کے لیے آج دنیا بھر میں ارتھ آور منایا جائے گا۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتو نیو گوتریس کی جانب سے آج رات ساڑھے آٹھ بجے ایک گھنٹے کے لیے لائٹیں بند کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

یو این سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا  کہ ارتھ آور بڑے پیمانے پر کلائیمیٹ ایکشن کو بڑھانے کی کال ہے، ہم سب اس میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انتونیو گوتر یس نے لوگوں سے اپیل کی کہ آپ جہاں بھی ہیں اپنے مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے 8 بجے ایک گھنٹے کے لیے لائٹیں بند کریں۔

رواں سال ارتھ آور کا تھیم "ہمارے سیارے پر سرمایہ کاری" ہے ، گزشتہ سالوں کے برعکس، دنیا بھر کے لوگوں کو اس ایک گھنٹے کے دوران کرہ ارض کے لیے کچھ فائدہ مند کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔

گلوبل ارتھ اوور مہم کا مقصد دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی پھیلانا ہے،  اس مہم کاآغاز سال 2007 میں آسٹریلیا سے ہوا جس میں تقریبا 22 لاکھ افراد نے حصہ لیاتھا اور اب دنیا کے 187 ممالک میں ارتھ اوور منایا جاتا ہے۔