واشنگٹن: (دنیا نیوز) غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہش منی کیس میں گرفتار ہو گئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر اداکارہ کو زبان بندی کیلئے رشوت دینے کے مجرمانہ الزامات کا سامنا ہے جس میں سابق امریکی صدر مین ہیٹن کی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ عدالت میں پیشی کیلئے ٹرمپ ٹاور سے روانہ ہوئے تھے، اس وقت مین ہیٹن عدالت کے باہر ٹرمپ کے حامی اور مخالفین بڑی تعداد میں جمع ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشی کے موقع پر نیویارک میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں سے نمٹنے کے لئے انتظامات کیے گیے تھے، نیویارک کے میئر نے بھی خبردار کیا تھا کہ پُرتشدد احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
— Gary D (@KMGGaryde) April 4, 2023
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر سال 2016 کے صدارتی انتخابات سے پہلے فحش فلموں کی اداکارہ کو مبینہ طور پر تعلق چھپانے کے لئے رقم ادا کرنے کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی موجودہ یا سابق صدر کو مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹرمپ پر الزامات کیا ہیں؟
معلومات کے مطابق ٹرمپ کے خلاف ان کے سابق وکیل مائیکل کوہن کو مبینہ طور پر 2016 کے انتخابات سے قبل پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز کو خاموش رہنے کے لیے دی جانے والی رقم کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی تھیں۔
پورن سٹار نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا ٹرمپ کے ساتھ 2006 میں افیئر تھا اسی لیے ٹرمپ ان کی خاموشی خریدنا چاہتے تھے، ادائیگی غیر قانونی نہیں تھی لیکن استغاثہ کا کہنا ہے کہ جب ٹرمپ نے کوہن کو معاوضہ دیا تو ادائیگی کا ریکارڈ کہتا ہے کہ یہ قانونی فیس تھی۔
ان کا دعویٰ ہے کہ اس کا مطلب یہ تھا کہ ٹرمپ کاروباری ریکارڈ کو غلط ثابت کر رہے ہیں، ایک اور بڑی ادائیگی مبینہ طور پر پلے بوائے ماڈل کیرن میک ڈوگل کو کی گئی تھی جس نے ٹرمپ کے ساتھ افیئر کا دعویٰ کیا تھا۔
کیا وہ 2024 میں صدر کا انتخاب لڑ سکتے ہیں؟
جی بالکل، وہ انتخاب لڑ سکتے ہیں، سزا یا فرد جرم ٹرمپ کو صدارتی انتخاب لڑنے سے نہیں روکے گی، امریکی آئین کے مطابق کوئی مجرمانہ ریکارڈ صدر بننے کی اہلیت کے لیے مقرر کردہ معیارات میں شامل نہیں ہے۔
ایسے افسران جن کا مواخذہ کیا گیا ہے اور انہیں اعلیٰ جرائم اور بددیانتی کے مرتکب قرار دیا گیا ہے انہیں مستقبل کے عہدے سے روکا جا سکتا ہے لیکن امریکی سینیٹ نے ٹرمپ کو ان کے مواخذے کے دونوں مقدموں میں بری کر دیا تھا۔
امریکی قانون کسی بھی امیدوار کو اس بنیاد پر مہم چلانے یا صدر بننے سے نہیں روکتا جس پر کوئی جرم ثابت ہوا یا چاہے وہ جیل میں ہی کیوں نہ ہو۔