برازیل کا چین کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط کرنے کا عزم

Published On 12 April,2023 06:59 am

برازیلیا : ( ویب ڈیسک ) برازیل کے صدر اناسیو لولا ڈا سلوا نے کہا ہے کہ ہم چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیلی صدر لولا ڈا سلوا برازیل کے سب سے بڑے تجارتی پارٹنر کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے اور عالمی سفارت کاری میں جنوبی امریکی قوم کے کردار کو دوبارہ قائم کرنے کی امید لئے دورہ چین کے لئے بیجنگ روانہ ہو گئے۔

لولا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر نائب صدر جیرالڈو الکمن کے ساتھ ایک طیارے کے سامنے ٹرمک پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سفر پر جا رہے ہیں۔

برازیلی صدر نے اپنی روانگی کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ میں چینی صدر شی جن پنگ کو برازیل میں دو طرفہ ملاقات کے لیے مدعو کروں گا تاکہ انہیں وہ منصوبے دکھائے جائیں جن کے لیے ہم چینی سرمایہ کاری کو راغب کرنا چاہتے ہیں۔

وہ جمعرات کو شنگھائی میں برازیل کی سابق صدر دلما روسیف کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے جنہیں حال ہی میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل برکس اقتصادی بلاک کے نئے ترقیاتی بینک کی قیادت کے لیے منتخب کیا گیا اور جمعہ کو بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب ژی سے ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے کہا ہے کہ یہ حقیقت کہ صدر لولا صحتیاب ہونے کے بعد جلد ہی ایک بڑے وفد کی قیادت کرتے ہوئے چین کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین برازیل کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے اور اس دورے کو مختلف شعبوں میں ہمارے باہمی فائدہ مند، دوستانہ تعاون کو اپ گریڈ کرنے اور ترقی پذیر ممالک کی یکجہتی، تعاون اور عالمی چیلنجوں کے مشترکہ جواب کے لیے مزید مثبت توانائی فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔