دنیا کے امیر ترین شخص برنارڈ آرنلٹ کی دولت میں 12 ارب ڈالرز کا اضافہ

Published On 14 April,2023 06:21 pm

پیرس: (ویب ڈیسک)پرتعیش اشیا بنانے والی کمپنی ایل وی ایم ایچ کے مالک برنارڈ آرنلٹ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور وہ 200 ارب ڈالرز سے زیادہ دولت کے مالک بننے والے تیسرے فرد بھی بن گئے ہیں۔

فرانس سے تعلق رکھنے والے دنیا کے امیر ترین شخص برنارڈ آرنلٹ اس وقت دوسرے نمبر پر موجود ایلون مسک سے 30 ارب ڈالرز زیادہ کے مالک ہیں۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق برنارڈ آرنلٹ کی دولت میں 13 اپریل کو 12 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا اور وہ اس وقت 210 ارب ڈالرز کے مالک ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر موجود ایلون مسک 180 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ پہلی بار ہے جب امریکا سے باہر سے تعلق رکھنے والا کوئی فرد 200 ارب ڈالرز سے زیادہ کا مالک بنا ہے،اس سے قبل ایمازون کے بانی جیف بیزوس اور ایلون مسک ہی 200 ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب رہے تھے۔

ایلون مسک دنیا کے پہلے شخص بنے تھے جن کی دولت 300 ارب ڈالرز سے بھی تجاوز کر گئی تھی، ٹیسلا کے مالک کی دولت 340 ارب ڈالرز تک پہنچنے کے بعد کم ہونا شروع ہوئی اور اب اس میں لگ بھگ 50 فیصد کمی آچکی ہے۔

74 سالہ برنارڈ آرنلٹ کی کمپنی بھی دنیا کی 10 سب سے زیادہ سرمایہ رکھنے والی کمپنیوں میں شامل ہوگئی ہے، جس کی مارکیٹ ویلیو 491 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔