واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) امریکا کے صدر جوبائیڈن اور ان کی اہلیہ جِل بائیڈن سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کی آمدن اور ٹیکس کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں ۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کی اہلیہ جِل بائیڈن کے ٹیکس گوشواروں سے معلوم ہوتا ہے کہ دونوں نے گزشتہ سال 5 لاکھ 79 ہزار 514 ڈالرز کمائے۔
رپورٹس کے مطابق اس رقم میں جوبائیڈن کی بطور صدارتی تنخواہ کا زیادہ تر حصہ شامل تھا جو کہ سالانہ 4 لاکھ ڈالرز بنتی ہے جبکہ ان کی اہلیہ جِل بائیڈن نے 82 ہزار 335 ڈالرز بطور تنخواہ کمائے ، وہ ناردرن ورجینیا کمیونٹی کالج میں پڑھاتی ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر اور ان کی اہلیہ نے 2022 میں تقریباً 1 لاکھ 70 ہزار ڈالر ٹیکس ادا کیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جوبائیڈن نے اپنے 25 سال کے ٹیکس گوشوارے ظاہر کردیے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی نائب صدر کملا ہیر س اور ان کے شوہر نے ٹیکس گوشواروں میں مجموعی آمدنی 4 لاکھ 56 ہزار 918 ڈالرز ظاہر کی ہے ، امریکی نائب صدر اور ان کے شوہر نے 93 ہزار 570 ڈالرز فیڈرل انکم ٹیکس اور 17 ہزار 612 ڈالرز انکم ٹیکس بھی دیا۔