ممبئی: (ویب ڈیسک)بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغیوں کے خلاف آپریشن کرکے واپس آنے والی پولیس وین کو بارودی سرنگ دھماکے میں اُڑا دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ میں ہونے والے بارودی سرنگ دھماکے میں ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ کی وین کے پرخچے اُڑ گئے۔ ہر طرف لاشیں بکھر گئیں۔
سخت سیکیورٹی حصار میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 10 اہلکار اور ایک ڈرائیور کی موت کی تصدیق کردی گئی، 5 اہلکار زخمی ہیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کی گاڑی کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ماؤ باغیوں کے خلاف انٹیلیجنس کی بنیاد پر شروع کیے گئے آپریشن کے بعد واپس آرہی تھی۔
یاد رہے کہ ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز باغی بھارت سے آزادی اور اپنے الگ وطن کے لیے مسلح جنگ لڑ رہے ہیں اور ان جنگجوؤں نے اپنی کارروائیوں سے بھارتی فوج اور پولیس پر دھاک بٹھائی ہوئی ہے۔