یوکرین کے شہروں پر روسی فضائی حملوں میں کم از کم 25 افراد ہلاک

Published On 29 April,2023 05:30 am

کیف : ( ویب ڈیسک ) یوکرین کے شہروں پر روسی فضائی حملوں کی تازہ لہر میں کم از کم 25 شہری مارے گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرینی شہروں دنیپرو اور عمان پر ہونے والے حملے تقریباً دو مہینوں میں پہلے بڑے پیمانے پر کیے گئے فضائی حملے ہیں۔

فائر فائٹرز نے عمان کے وسطی قصبے میں ایک روسی میزائل کی زد میں آنے والے رہائشی اپارٹمنٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پایا اور امدادی کارکنوں نے ملبے کے ایک بڑے ڈھیر سے زندہ بچ جانے والوں کو ریسکیو کیا جبکہ ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ وسطی قصبے میں کم از کم 23 شہری مارے گئے جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔

علاقائی گورنر سرہی لائساک نے بتایا کہ جنوب مشرقی شہر دنیپرو میں ایک میزائل نے ایک گھر کو نشانہ بنایا جس سے ایک دو سالہ بچہ اور ایک 31 سالہ خاتون ہلاک ہو گئے۔

دارالحکومت کیف بھی دھماکوں سے لرز اٹھا اور حکام نے بتایا کہ یوکرائنکا قصبے میں دو افراد زخمی ہوئے۔

دوسری جانب کیف مغرب کی طرف سے بھیجے گئے سینکڑوں ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔

یوکرین کے وزیر دفاع اولیسکی ریزنیکوف نے آن لائن نیوز بریفنگ میں بتایا کہ مقبوضہ زمین کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ایک بڑا حملہ شروع کرنے کے لیے تقریباً تیار ہیں، جیسے ہی خدا کی مرضی، موسم اور کمانڈروں کا فیصلہ ہوگا ہم جوابی کارروائی کریں گے۔