سری نگر: (ویب ڈیسک ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس درھو ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کے تین افسران کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر درھو مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتور میں گر کر تباہ ہوگیا ، جس کے بعد سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سرچ آپریشن ٹیم کو ہیلی کاپٹر کی باقیات ایک دریا سے مل گئیں ، پائلٹ اور معاون پائلٹ کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
قبل ازیں ہیلی کاپٹر کے گرنے کی اطلاع دیتے ہوئے بھارتی فوج کے ترجمان کے کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں تین افسران موجود ہیں تاہم اب تک دو زخمی افسران کا پتہ چل سکا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تیسرے آفیسر کی تلاش کا کام جاری ہے جن کے زندہ ملنے کے امکانات خاصے کم نظر آرہے ہیں ، حادثے کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا ہے ، تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے ۔